جھارکھنڈ کے جمشید پور میں بچہ چوری کی ایک افواہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو
رہی ہے، جس نے 9 دنوں میں اب تک 8 لوگوں کی جانیں لے لی ہیں ۔ جمشید پور
ایس ایس پی انوپ ٹی میتھیو کا کہنا کہ اب تک بچہ چوری کا ایک بھی معاملہ
سامنے نہیں آیا ہے، یہ شرارتی عناصر کی کرتوت ہے، لوگ افواہوں پر توجہ نہ
دیں، پولیس پوری طرح سے مستعد ہے۔
اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا میں وائرل ہو رہے ایک میسج میں ایک کارٹون میں
درجنوں بچوں کی لاشوں کو دکھایا گیا ہے۔ میسج کے مطابق ان لاشوں سے جسم کے
کئی اعضاء غائب ہیں۔ میسج میں والدین کو بچہ چور سے ہوشیار ہونے اور بچہ
چور نظر آتے ہی پولیس کو اطلاع دینے کا پیغام دیا گیا ہے۔ جمشید پور،
سرائے قلع ، جادو گوڑا اور ارد گرد کے بہت سے علاقوں میں یہ میسج وائرل ہو
گیا ہے، جس کی وجہ سے اب تک متعدد لوگوں کو اپنی جانیں گنوانی پڑ چکی ہیں ۔
ایک ہفتہ کے بعد اب اس معاملہ میں پولیس بھی حرکت میں آگئی ہے۔ جمشید پور
کے ایس ایس پی انوپ ٹی میتھیو نے کہا کہ بچہ چوری کے اس وائرل میسج کی وجہ
گزشتہ نو دن میں آٹھ افراد کی
جانیں چلی گئی ہیں ۔ بقول ایس ایس پی افواہ
پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔جمشید پور کے ایس پی سٹی
پرشانت آنند کے مطابق بچہ چوری کی افواہ وہاٹس ایپ اور فیس بک کے ذریعہ
پھیل رہی ہے۔ ایسے میں پولیس افواہ پھیلانے والوں کی نشاندہی کر رہی۔ شناخت
کے بعد ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق مشرقی سنگھ بھوم ضلع میں تین افراد وکاس کمار ورما، گوتم
کمار ورما اور گنگیش گپتا کو بچہ چوری کے گروہ کے شک میں مشتعل بھیڑ
نےگھسيٹ كر ان کے گھر سے باہر نکالا ، اور اتنی بری طرح زدوکوب کیا کہ ان
کی موت ہو گئی۔ اس دوران ایک خاتون پر بھی انتہائی وحشیانہ طریقہ سے حملہ
کیا گیا۔ علاوہ ازیں مشرقی سنگھ بھوم کے پڑوسی سرائے کیلا ضلع میں بھی اسی
طرح ایک بھیڑ نے تین مویشی تاجروں نعیم، سیراج خان اور سججو کو پیٹ پیٹ کر
مار ڈالا۔ دونوں معاملوں میں جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، تو ہجوم کے
سامنے ان کی تعداد انتہائی کم ثابت ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ گاؤں والوں نے
پولیس والوں پر بھی حملہ کیا ، جس میں کچھ پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔